نوشکی واقعے میں دشمن جدید ترین اسلحے سے لیس تھے، کمانڈنٹ ایف سی

Weapons

Weapons

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) کمانڈنٹ ایف سی کا کہنا ہے کہ نوشکی واقعے میں دشمن جدید ترین اسلحے سے لیس تھے، اور دہشت گرد براہ راست افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس، چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی اور صوبائی وزراء ایف سی ہیڈ کوارٹر گئے اور یادگار شہدا پر حاضری دیتے ہوئے شہداء کی مغفرت کی دعا کی۔ وفد نے وطن کے تحفظ کے لئے دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کرنے اور شہادت کا رتبہ حاصل کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اور چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری بہادر سیکیورٹی فورس کے ہوتے دشمن ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

کمانڈنٹ ایف سی نے وفد کو 2 فروری کے دہشت گردی کے واقعہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نوشکی واقعے میں دشمن جدید ترین اسلحہ سے لیس تھے، اور تمام دہشت گرد براہ راست افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے، تاہم اللہ کے فضل و کرم اور عوام کی دعاؤں سے ہم نے دہشت گردوں کو انکے انجام تک پہنچایا، واقعے میں ایک افسر سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار شہید، جب کہ 9 دہشت گرد مارے گئے۔ وزیراعلیٰ، چئیرمین سینیٹ اور صوبائی وزراء نے ایف سی کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد پیش کی۔