نالائق طالبعلم نقل کے باجود فیل ہو رہا ہے: سراج الحق کی وزیراعظم پر کڑی تنقید

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

لکی مروت (اصل میڈیا ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نالائق طالبعلم نقل کے باوجود فیل ہو رہا ہے۔

لکی مروت کے سرائے نورنگ قلعہ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ذات پات اور موروثیت پر یقین نہیں رکھتی، ہم اسلامی نظام کے نفاذ کے لیےکوشاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور پی ڈی ایم کی سیاست میں فرق ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی انگریز سامراج کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، ایک طرف بلاول اور دوسری طرف مریم نواز ہوں تو اسلام ایسے لاگو نہیں کیا جا سکتا، پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں قاتلوں کو سزا نہیں تحفظ ملتا ہے، کراچی میں پولیس نے 400 لوگوں کو مارا، غیرت اور ہمت والے نقیب اللہ کو بھی مارا گیا، آج تک نقیب اللہ کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، یہ نظام قاتلوں، ظالموں، شوگر مافیا، لینڈ مافیا اور آٹاچوروں کے لیے ہے، یہاں ان ظالموں کو کوئی سزا نہیں دے سکتا، ہم اسلامی نظام چاہتے ہیں جہاں قانون سب کے لیے یکساں ہو۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں تیاری نہیں تھی، تیاری نہیں تھی تو امتحان میں کیوں بیٹھے، اگر تیاری نہیں تھی تو وزارت عظمیٰ کیوں لی، یہ ناکارہ طالبعلم عمران خان اور ان کی کابینہ نقل کے باجود فیل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ملک پر خطرات کے بادل ہیں، پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا، کشمیر کے سفیر نے کشمیر کو مودی کے حوالے کر دیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پاکستان پر دباؤ ہے جس کے باعث بجلی اور گیس منہگی کی جا رہی ہے، حکومت کے پاؤں عوامی گردن پر ہیں، ہمیں موقع ملا تو ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے۔