بھارت نے انگلینڈ کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں 157 رنز سے شکست دے دی

India vs England

India vs England

اوول (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت نے انگلینڈ کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں 157 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1- 2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

اوول میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت نے پہلی اننگز میں 191 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے کپتان کوہلی نے 50 اور ٹھاکر نے 57 رنز اسکور کیے ، انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 اور رو بنسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں میزبان ٹیم نے 290 رنز اسکور کیے اور 99 رنز کی ایک اچھی برتری حاصل کی۔

انگلش ٹیم کی جانب سے اولی پوپ نے 81 اور کرس ووکس نے 50 رنز بنائے ،بھارت کی جانب سے اومیش یادیو نے 3 اور جسپریت بمراہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت نے دوسری اننگز میں انگلش بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور 99 رنز کے خسارے کے باوجود بھارتی بیٹسمینوں نے 466 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا اور میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 368 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے اوپنر روہت شرما نے 127 رنز کی شاندار اننگز کیھلی جبکہ پجارا نے 61 ، ٹھاکر نے 60 اور پینٹ نے 50 رنز بنائے ۔

368 رنز کے جواب میں پوری انگلش ٹیم 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اوپنر روری برنس 50 اور حسیب حمید 63 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔

بھارتی بولرز کی جانب سے اومیش یادیو نے 3، بمراہ، ٹھاکر اور جدیجا نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

یوں بھارت نے چوتھے ٹیسٹ میں 157 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔

واضح رہے کہ بھارت کو 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1- 2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے ، پانچواں اور آخری ٹیسٹ 10 ستمبر سے کھیلا جائے گا۔