بھارت اندرونی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لئے ناٹک رچا سکتا ہے، وزیر خارجہ

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اس وقت حواس باختہ دکھائی دے رہا ہے، ان کے ذمہ داران دھمکی آمیز زبان استعمال کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے حوالے سے جس طرح بھارت نے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کئے ہیں ان سے ان کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے، کسان پورے بھارت میں سراپا احتجاج ہیں، اپوزیشن، ٹریڈ یونینز، وکلاء اور طلباء بھی اس احتجاج میں شامل ہو چکے ہیں، خدشہ ہے کہ بھارت اس داخلی صورت حال اور اندرونی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لئے کوئی ناٹک رچا سکتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کافی بگڑ چکی ہے، گزشتہ دنوں ہزاروں کشمیریوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا، دوسری جانب پاکستان دنیا کی پارلیمینٹرینز جمہوریتوں کی توجہ بھارت کے جارحانہ اقدامات کی طرف دلا رہا ہے، بھارت اس وقت حواس باختہ دکھائی دے رہا ہے ان کے ذمہ داران دھمکی آمیز زبان استعمال کر رہے ہیں، بھارت اپنی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری برطانیہ میں 15 پارلیمینٹرینز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ہو گی، اپنے پارلیمینٹرینز، کشمیر کمیٹی کے سربراہ اور اپوزیشن رہنماؤں کو بھی مدعو کیا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی نسل کشی کو اجاگر کرتا رہے گا، ہاؤس آف کامنز ، ہاؤس آف لارڈز، یورپین پارلیمنٹ، امریکی کانگریس اور دنیا بھر کی اہم پارلیمنٹس کو بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔