بھارت کے ملٹری چیف کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، متعدد افراد ہلاک

Bipin Rawat

Bipin Rawat

تامل ناڈو (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر، جس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت سوار تھے، حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں کم از کم سات افراد کی ہلاکتوں کا بتایا گیا ہے۔ تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

بھارتی ایئر فورس کے مطابق آٹھ دسمبر بدھ کے روز بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے ایک ہل اسٹیشن کونور کے قریب بھارتی ملٹری چیف کا ہیلی کاپٹر ایک حادثے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ تاہم ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ حادثے میں بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت زخمی ہوئے یا نہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم خبر رساں ادارے نے جائے وقوعہ پر موجود ریسکیو عملے اور حکومتی اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کم از کم سات افراد کی ہلاکتوں کا بتایا ہے۔ ابھی تک یہ بھی واضح نہیں کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر میں کل کتنے افراد سوار تھے؟

ٹیلی وژن پر نشر کی گئی ویڈیو میں کریش ہونے والے ہیلی کاپٹر سے شعلے اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ مقامی افراد اور ریسکیو عملے کی جانب سے فوری طور پر آگ بھجانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایک مقامی نیوز چینل کی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں نو افراد سوار تھے، جن میں راوت کی اہلیہ اور دیگر سینئر دفاعی عہدیدار شامل ہیں۔

بھارتی ایئر فورس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت بھارتی فوج کے سب سے سینئر افسر ہیں۔ وہ وزارت دفاع کے مشیر کے فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کے بعد یہ نیا عہدہ سنبھالا تھا۔

بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق Mi-17V5 ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں اس وقت حادثے کا شکار ہوا، جب وہ ایئر فورس بیس سے آرمی ڈیفینس سروس کالج کی جانب پرواز کر رہا تھا۔