بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے: شاہ محمود قریشی

 Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے جھوٹا دعویٰ کر کے بالا کوٹ پر حملہ کیا تھا لیکن بالا کوٹ حملے سے متعلق بھارتی جھوٹ دنیا میں بے نقاب ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا نے دیکھا بھارت پہاڑیوں پر بم برسا کر کچھ درختوں کو نقصان پہنچا کر بھاگ گیا، آج بھی اگر بھارت کوئی دعوی کر رہا ہے تو عالمی میڈیا آئے اور حقیقت دیکھ لے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے، ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی ہے، لیکن بھارت کے اقدامات ایسے ہیں کہ وہ خطے کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت سے بغاوت کر چکے ہیں اور قابض انتظامیہ سے نالاں ہیں لیکن بھارت دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے حالات دیکھنے نہیں دے رہا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی پوری کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ہم ان کے شکر گزار ہیں۔