بھارت میں سکھوں کی مذہبی ریلی پر خوفناک دھماکا، 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

India Blast

India Blast

چندی گڑھ (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب میں سکھوں کے اہم دن کی مناسبت سے نکالی گئی ریلی میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پنجاب کے علاقے ترن تارن کے پلاسور گاؤں کے نزدیک بابا دیپ سنگھ کی جینتی کے موقع پر شوبھا یاترا نکالی جارہی تھی۔ یاتری گوردوارہ ٹاہلا صاحب جارہے تھے کہ راستے میں دھماکا ہوگیا جس کے بعد ریلی میں افراتفری مچ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جن میں سے 5 کی حالت نازک ہے، 2 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے تاہم اسپتال ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دھماکے سے ہلاک ہونے والے 6 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں، ہلاک اور زخمی ہونے والی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ترن تارن کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ دھرو دہیا نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا ایک ٹریکٹر ٹرالی میں ہوا جس میں کئی نوجوان سوار تھے اور ممکن ہے اس ٹرالی میں پٹاخے موجود تھے جن میں چنگاری گرنے سے دھماکا ہو گیا تاہم یاتریوں نے پولیس کے موقف کو مسترد کر دیا۔