بھارتی اداکار فراز خان انتقال کر گئے

Faraz Khan

Faraz Khan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) سینے کے انفیکشن میں مبتلا بالی ووڈ اداکار فراز خان انتقال کر گئے۔

46 سالہ اداکار فراز خان گزشتہ کئی ماہ سے سینے کے انفیکشن کے باعث بینگلور کے مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔

چند ہفتوں قبل فراز خان کے بھائی فرمان خان نے اپنے بھائی کی صحت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کی تھی اور علاج کے لئے مالی امداد کے لئے درخواست بھی کی تھی جس کے بعد بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے فراز خان کے علاج کے تمام اخراجات کی ذمہ داری لیتے ہوئے ان کے بل ادا کردیے تھے۔

معروف اداکارہ اور فلم ساز پوجا بھٹ نے اپنی ٹویٹ میں فراز خان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بہت بھاری دل کے ساتھ یہ خبر سُنا رہی ہوں کہ فراز خان ہمیں چھوڑ گئے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اس وقت وہ اچھی جگہ پر ہوں گے۔ اُن کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے بھرنا نا ممکن ہوگا لیکن آپ سب سے گزارش ہے کہ اپنی دعاؤں میں انہیں اور اُن کے اہل خانہ کو یاد رکھیں۔ ۔

11جولائی 1974 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے فراز خان90 کی دہائی کے آخر میں بالی ووڈ کی فریب، دلہن بنو میں تیری، مہندی اور چاند بجھ گیا جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔