بھارتی اداکار جمی شیرگل کو پولیس نے گرفتار کرلیا

Jimmy Shergill

Jimmy Shergill

لدھیانہ (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اداکار جمی شیرگل کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب پولیس نے اداکار جمی شیر گل کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا، وہ پنجاب کے شہر لدھیانہ کے ایک پرائیوٹ اسکول میں اپنی نئی ویب سیریز ’’یور آرنر ٹو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ اس دوران کسی نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر بھارتی اداکار جمی شیرگل سمیت ویب سیریز کے نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایت کار کو بھی حراست میں لے کر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے کا مقدمہ درج کرلیا جس میں 35 لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جمی شیر گل اور ویب سیریز کے ہدایت کار ایشور نواس سمیت 100 سے زائد ممبران کورونا ایس او پیز کو فالو نہیں کررہے تھے اور نہ ہی دوران شوٹنگ انہوں نے ماسک پہن رکھے تھے جب کہ ان کے پاس اسکول میں شوٹنگ کا اجازت نامہ بھی موجود نہیں تھا جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

واضح رہے 1996 میں فلم ’ماچس‘ سے اپنا کیریئر شروع کرنے والے اداکار جمی شیر گل نے زیادہ تر پنجابی فلموں میں کام کیا ہے تاہم وہ بالی ووڈ میں ’’محبتیں‘‘، ’’میرے یار کی شادی ہے‘‘، ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ جیسی کامیاب فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔