بھارتی آرمی چیف کنٹرول لائن پار کرنے کے خواب دیکھنے لگے

Bipin Rawat

Bipin Rawat

نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کنٹرول لائن عبور کرنے کے خواب دیکھنے لگے۔ بھارتی اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے بڑھک مارتے ہوئے کہا اگر ضرورت پڑی تو ہماری فوج لائن آف کنٹرول پار کر سکتی ہے۔ بے پرکی اڑاتے ہوئے بپن راوت نے کہا سرجیکل سٹرائیک کے ذریعے ہم نے اپنا پیغام پاکستان تک واضح طور پر پہنچا دیا تھا، اگر پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کوئی دراندازی نہیں ہوتی تو یہ سرحد برقرار رہے گی، اب آنکھ مچولی کا کھیل نہیں چلے گا۔

اگر لائن آف کنٹرول پار بھی کرنی پڑے تو ہم کریں گے خواہ زمینی راستے سے کرنی پڑے یا فضائی کارروائی کے ذریعے، یا دونوں طرح سے۔اس معاملے میں حدود کا تعین کیا جا چکا ہے اور آگے کا لائحہ عمل طے ہے۔

بھارتی آرمی چیف نے وزیر اعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی کی تقریر پر بات کرتے ہوئے کہا مجھے سمجھ نہیں آیا کہ وہ روایتی جنگ میں بھی جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی بات کر رہے ہیں یا اگر ان پر حملہ ہوتا ہے تب۔ کیا بین الاقوامی برادری کبھی آپ کو اس طرح ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دے گی ؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نوجوانوں کو سرحد پار بھیج کر بھارت میں فساد پیدا کرنا چاہتا ہے، ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کوئی بھی عسکریت پسند ہمارے علاقے میں داخل نہ ہوسکے۔

ادھر نئے بھارتی ایئر چیف راکیش کمار سنگھ نے بھی بڑھک مارتے ہوئے کہا بھارتی ایئر فورس مغربی محاذ کی صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہی ہے، اگر حکومت نے ہدایت کی تو بالا کوٹ جیسا ایک اور حملہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ فرانسیسی لڑاکا طیارے رافیل ملنے کے بعد بھارتی ایئرفورس کی فضائی طاقت میں نمایاں اضافہ ہو جائیگا۔