بھارتی بینک اور کمپنیوں نے بھی اشتہار کیلیے ’پارٹی گرل‘ کا سہارا لے لیا

Dana Nair

Dana Nair

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) گزشتہ کئی روز سے پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر دانا نیر کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی تھی جس میں وہ منفرد لہجے میں کہہ رہی تھیں کہ ‘یہ میں ہوں، یہ ہماری کار ہے اور یہاں پارٹی ہو رہی ہے’۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی وائرل ہوئی کہ اب سرحد پار بھی اس ویڈیو کے خوب چرچے ہو رہے ہیں اور بھارت میں مختلف برانڈز اور ادارے اپنی تشہیر کے لیے پاکستان کی ‘پارٹی گرل’ کا اسٹائل کاپی کر رہے ہیں۔

سب سے پہلے اس وائرل ویڈیو پر بھارت کے معروف یوٹیوبر یشراج مکھاٹے نے ایک گانا تیار کیا تھا جس کے بعد بھارتی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے اپنی مہم میں اس ‘پارٹی گرل’ کا انداز کاپی کیا۔

اب اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی گئی ہے جس میں انہوں نے آفرز کی تشہیر کے لیے ‘پارٹی گرل’ کا سہارا لیا۔

اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘ایسی آفرز ہو تو پارٹی تو بنتی ہے، یہ ہمارا ایپ ہے، یہ آفرز ہے، اور یہ ہماری پارٹی ہو رہی ہے’۔

دوسری جانب بھارت کی ایک گاڑی بنانے والی برانڈ کی جانب سے بھی تشہیر کے لیے وائرل ہونے والی پاکستانی لڑکی کا انداز کاپی کیا گیا۔

کار 24 انڈیا نے اپنی تشہیری پوسٹ میں لکھا کہ ‘یہ تمہاری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ پارٹی ہو رہی ہے’۔

علاوہ ازیں موبائل فون برانڈ ریئل می کی جانب سے بھی اپنی پروڈکٹس کی تشہیر کے لیے ‘پارٹی گرل’ کا انداز اپنایا گیا ہے۔

ریئل می نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘یہ ہمارا فون ہے، یہ ہمارے بڈز ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہو رہی ہے’۔