بھارتی جمہوریت میں جرائم پیشہ سیاست دان چھا گئے

Protest

Protest

اتر پردیش (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی جمہوریت میں جرائم پیشہ سیاست دان چھائے ہوئے ہیں، حالیہ قومی و ریاستی انتخابات میں اغوا اور قتل سمیت سنگین الزامات کا سامنا کرنیوالے امیدواروں میں اضافہ ہوا ہے جس نے مبصرین کو پریشان کردیا ہے۔

برطانوی اخبار’’فنانشل ٹائمز‘ نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے لکھا کہ ہندوستان ایک متحرک جمہوریت ہے لیکن سیاسی جماعتیں بالکل بھی جمہوری نہیں ہیں، یہ ہندوستانی جمہوریت اور انتخابات کا سب سے بنیادی مسئلہ ہے،ایک غیر سرکاری تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں، 2004میں فوجداری مقدمات کا سامنا کرنے والے ارکان پارلیمنٹ کا تناسب 24فیصد سے بڑھ کر 2019میں 43فیصد ہو گیا، سنگین کیسز والے افراد کا تناسب دگنا سے بڑھ کر 29فیصد ہو گیا۔

بھارت کی پانچوں ریاستی انتخابات میں، بشمول اتر پردیش، پنجاب اور گوا میں مجرمانہ پس منظر والے امیدواروں کا تناسب 2017کے انتخابات کے بعد سے بڑھ گیا ہے۔

اتر پردیش کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں سماج وادی پارٹی کے 75 فیصد امیدواروں کوسنگین فوجداری مقدمات کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے نصف سے زیادہ امیدوارسنگین مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔تاہم بھارتی سیاست دان جرائم کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ہندوستانی سیاست میں مبینہ مجرموں کی کامیابی نے اصلاحات کی محدود کوششیں کی ہیں۔

2013میں، ہندوستان کی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ سزا یافتہ اہلکاروں کو چھ سال کے لیے روک دیا جائے گالیکن بہت کم اس پر عمل ہوا۔سپریم کورٹ نے 2020میں سیاسی جماعتوں کو حکم دیا کہ وہ امیدواروں کے مقدمات کو اپنی ویب سائٹ پر رپورٹ کریں اور ان کے انتخاب کا جواز پیش کریں لیکن ایسے امیدواروں کے عملی اور مالی فوائد کے پیش نظر پارٹیوں نے اپنی صفوں کو صاف کرنے کے لیے بہت کم ترغیب دی ۔

رپورٹ کے مطابق 53سالہ یوگیش ورما اس ماہ بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش جس کی آبادی بیس کروڑ ہے۔اس کی مرکزی اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں ،ان کے خلاف 32سنگین فوجداری مقدمات ہیں، ان میں فسادات اور حملہ سے لے کر اقدام قتل، قتل ،ڈکیتی اورگینگ ڈکیتی شامل ہیں، اسے دو بار جیل بھیجا گیا لیکن کبھی سزا نہیں ہوئی،اس بدنامی نے ورما کے دو دہائیوں پر محیط سیاسی کیریئر کو ختم نہیں کیا۔ورما کے چھوٹے بھائی راجن نے مقدمات کوسیاسی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے لیکن ساتھ ہی اپنے بھائی کی اس گندی شہرت کو بھی تسلیم کیا ہے۔ ہستی نا پور سیٹ پر تین حریف امیدواربھی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

مختار انصاری، جنہیں بھارتی میڈیا میں ایک مافیا ڈان سے سیاست دان کے طور پر بیان کیا گیا ہے جس نے اتر پردیش کی قانون ساز اسمبلی کے پانچ انتخابات جیتے ہیں، جیل میں ہیں اور مقدمے کی سماعت کا انتظار کر رہے ہیں جب کہ ان کا بیٹا عباس ان کی نشست پر انتخاب لڑ رہا ہے۔ رگھوراج پرتاپ سنگھ، جسے بھائی راجہ کہا جاتا ہے، قتل اور اغوا کے الزامات کے باوجود 1993سے اسمبلی میں ہیں۔

سیاست میں مبینہ مجرموں کی موجودگی ہندوستان کے لیے کوئی انوکھی بات نہیں ہے،بھارت کی سیاست میں جرائم پر کتاب کے مصنف کا کہنا ہے کہ کئی عوامل نے ان کے عروج کی حوصلہ افزائی کی،نچلی سطح پر، سیاسی جماعتیں حمایت حاصل کرنے کے لیے مضبوط افراد پر انحصار کرتی ہیں، اکثر ذات پات یا مذہبی خطوط پر، اور ان کے فنڈز مالی مدد کرتے ہیں۔