بھارتی صحافیوں نے کورونا کی بگڑتی صورتحال پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Corona Deaths

Corona Deaths

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں کورونا کی بدترین تباہ کاریوں کی ذمے داری کون قبول کرے گا؟ بھارتی صحافیوں نے مودی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے کورونا کی ہلاکت خیزی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بھارتی تجزیہ کار اور سی این این کے لیے لکھنے والی بھارتی صحافی اکنکشہ سنگھ نے ہندوستان میں کورونا کی بدترین تباہ کاریوں پر مودی حکومت سے استفسار کیا کہ’بھارت میں کسی نے معافی نہیں مانگی نہ کسی نے استعفی دیا‘ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چند ماہ قبل ہندوستانی حکومت فتح کا اعلان کررہی تھی۔

سی این این کے اینکر وتجزیہ کار فرید زکریا نے کہا کہ بھارت میں ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سوا کچھ نہیں بدلا، ہندوستانی میڈیا مودی کی حمایت میں صحافتی اور اخلاقی طور پر گر گیا ہے. ہندوستان کے پاس اب آزادانہ پریس نہیں. بیشتر ٹی وی میڈیا غلامی کی حد تک حکومت کے حامی ہیں، جو حامی نہیں ان کو ستایا جاتاہے اور ٹیکس کے معاملات میں پھنسایا جاتا ہے۔

انہوں نے بھارتی میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد میڈیا کے بغیر حکومت پر کوئی نگاہ نہیں، احتساب کے بغیر حکومت بہت کم دباؤ محسوس کرتی ہے، ‎حکومت زیادہ اہلیت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے بدتر ہوتی جارہی ہے. مودی حکومت ہر جگہ زیادہ سے زیادہ آمرانہ طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔