ایرانی رجیم کو مزید قتل عام کی اجازت نہیں دیں گے، دنیا کی نظریں تہران پر ہیں: ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فارسی زبان میں ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں ایرانی رجیم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ایرانی عوام اور حکومت مخالف مظاہروں می حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا کی نظریں اس وقت ایران پرلگی ہوئی ہیں۔ ہم ایران کو مزید قتل عام کی اجازت نہیں دیں گے۔

امریکی صدر کی طرف سے ایرانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پرمبنی بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کل ہفتے کے روز ایرانی شہروں میں اس وقت لوگ سڑکوں پرنکل آگئے جب ایرانی پاسداران انقلاب نے اعتراف کیا کہ 8 جنوری کو تہران میں یوکرین کا ایک مسافر جہاز غلطی سے داغےجانے والے میزائل کے نتیجے میں تباہ ہوگیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے کہاکہ “ہم ایران میں مظاہروں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پوری دنیا انہیں دیکھ رہی ہے۔ ایران کو پرامن مظاہرین کے خلاف ایک اور قتل عام کی اجازت نہیں دی جائے گی”۔ انہوں نے ایرانی عوام سے حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے پر زور دیا۔

امریکی صدر نے ایرانی عوام کومخاطب کرکے لکھا کہ “بہادر ایرانی عوام! میں اور میری انتظامیہ اپنے دور صدارت کے آغاز سے ہی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے دنیا اسے دیکھ رہی ہے۔ ایرانی حکومت اب مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال اور ملک میں انٹرنیٹ بند کرنے کی ہمت نہیں رکھتی۔

خیال رہے کہ کل ہفتے کے روز ایران کے مختلف شہروں میں حکومت اور پاسداران انقلاب کے خلاف وسیع پیمانے پراس وقت مظاہرے شروع ہوگئے تھے جب پاسداران انقلاب نے یوکرین کا ایک مسافر جہاز مار گرانے کا اعتراف کیا تھا۔