ایران میں مظاہرین پر مظالم کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے: مریم رجوی

 Maryam Rajavi

Maryam Rajavi

ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مجاھدین خلق کی جلاوطن رہ نما مریم رجوی نے ایران میں ہونے والے مظاہروں کے دوران ایرانی فورسز کی جانب سے طاقت کے استعمال کی ایک بار پھر مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایرانی جیلوں میں قید شہریوں کو پھانسیوں اور سزائے موت سے بچانے کے لیے عالمی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ہفتے کے رز ایک بیان میں مریم رجوی کا کہنا تھا کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز معصوم مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہےہیں۔ ایران میں مظاہرین پر تشدد اوران سے بدسلوکی کے معاملے کو سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سزائے موت کے قیدیوں کی سزاؤں پرعمل درآمد میں اضافہ دراصل مظاہرین کوخوف زدہ کرنے اور انہیں دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔

مریم رجوی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف ایران کے صوبہ خوزستان کے شہروں میں احتجاج کا سلسلہ دسویں روز بھی جاری ہے۔

ایران کے شہروں معشور، الخفاجیہ اور الفلاحیہ میں مظاہرے جاری ہیں ۔ دوسری طر حکومت نے مظاہرے روکنے کے لیے علاقے کی بجلی اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی ہے۔ بعض علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو لگایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے اھواز کے شہروں الخفاجیہ، الفلاحیہ، الحمیدیہ اور معشور سے دسیوں مظاہرین اور کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔