ایران کو یورینیم افزودگی کی اجازت نہیں دیں گے: پومپیو

 Mike Pompeo

Mike Pompeo

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ ایران کو کسی بھی سطح پر یورینیم کی افزودگی کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

امریکی وزیر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ایران کو کسی بھی قیمت پر یورینیم کی افزودگی سے روکنا ضروری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ تہران پر امریکی انتظامیہ کی پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے ایران جوابی اقدامات کررہا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے ایک ممبر نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے انسپکٹرز کو ملک بدر کرنے کی دھمکی دی ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے احمد امیری فرہانی نے کہا کہ اگر امریکا 21 فروری 2021 تک مالی بینکاری اور تیل کی پابندیاں ختم نہیں کرتا تو ہم یقینی طور پر آئی اے ای اے کے انسپکٹرز کو ملک سے بے دخل کردیں گے اور اضافی پروٹوکول پر رضاکارانہ عملدرآمد روکیں گے۔

کچھ دن پہلے جوہری توانائی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال وندی نے جوہری معاہدے پر اپنی ذمہ داریوں کو معطل کرنے کے بعد یورینیم کی افزودگی کی سطح 90 تک بڑھانے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے جمعرات کے روز ایرانی ٹی وی کو دیئے گئے بیانات میں کہا کہ ایران آسانی سے 20 فیصد سے زیادہ سے یورینیم کی افزودگی کرسکتا ہے اور ہوسکتا ہے کہ 90 فی تک بھی پہنچ جائے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ بیانات اور دھمکیاں ایک ایسے وقت میں سامنے آئیں جب بہت سے ماہرین کا خیال ہے کہ 20 فیصد افزودگی سے ایٹمی بم کی تیاری تک پہنچنے کی صلاحیت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے لیکن ایرانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف جوہری ہتھیار حاصل کرنا نہیں ہے۔

کچھ روز قبل یورپی یونین کے ترجمان پیٹر اسٹانو نے کہا تھا کہ ایران نئے اقدامات کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔