عراق : بغداد کے صدر سٹی میں بم دھماکا، 21 افراد ہلاک، 33 زخمی

Iraq Baghdad Bombings

Iraq Baghdad Bombings

بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد کے علاقے صدرسٹی میں بم دھماکے میں 21 افراد ہلاک اور33 زخمی ہوگئے ہیں۔

عراقی پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ صدرسٹی میں سوموار کی شب ایک مصروف بازار میں دھماکا ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں بعض دکانیں جل گئی ہیں۔مہلوکین میں چار خواتین اور چاربچے بھی شامل ہیں۔

عراق کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی اطلاع کے مطابق دھماکا ایک بارودی ڈیوائس کے پھٹنے سے ہوا ہے اوربازار میں دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل کھانے پینے اورروزمرہ استعمال کی اشیاء کی خریداری میں مصروف تھی۔

عراق کی وزارت داخلہ نے اس واقعہ کو دہشت گردی قرار دیا ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ صدرسٹی کی وھیلات مارکیٹ میں مقامی ساختہ دھماکاخیز ڈیوائس سے یہ حملہ کیا گیا ہے۔اس سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔بغداد کی آپریشنزکمان نے بم دھماکےکی تحقیقات شروع کردی ہے۔

فوری طورپر کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔قبل ازیں جنوری میں سخت گیرجنگجو گروپ داعش نے بغداد میں ایک مصروف بازارمیں دُہرے خودکش بم دھماکے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔اس دھماکے میں 32 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔گذشتہ تین سال میں داعش کا بغداد میں یہ سب سے بڑا حملہ تھا۔