عراق کے نامزد وزیراعظم کا پارلیمان سے نئی کابینہ کو جلد اعتماد کا ووٹ دینے کا مطالبہ

Mohammad Tawfiq Alavi

Mohammad Tawfiq Alavi

عراق (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کے نامزد وزیراعظم محمد توفیق علاوی نے کہا ہے کہ انھوں نے سیاسی طور پر آزاد شخصیات پر مشتمل نئی کابینہ تشکیل دی ہے۔اب پارلیمان آیندہ ہفتے اپنا غیر معمولی اجلاس بلائے اور اس کابینہ کے حق میں اعتماد کا ووٹ دے۔

انھوں نے بدھ کو ایک نشری تقریر میں کہا ہے کہ اگر ان کی حکومت پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ سب سے پہلے مظاہرین کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرے گی اور ان کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔

انھوں نے اپنی تقریرمیں دولت کی ریل ، ہتھیاروں اور غیرملکی مداخلت سے پاک قبل از وقت انتخابات کرانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

توفیق علاوی نے مظاہرین پر زوردیا ہے کہ وہ سیاست سے متعلق ہر چیز پر اعتماد کے بحران کے باوجود ان کی حکومت کو ایک موقع دیں۔انھوں نے اپنے پیش رو ارباب اقتدار پر سیاست پر اعتماد کے بحران کا الزام عاید کیا ہے۔

واضح رہے عراق کے صدر برہم صالح نے یکم فروری کو محمد توفیق علاوی کو نیا وزیراعظم نامزد کرکے حکومت بنانے کی دعوت دی تھی اور وہ دومارچ تک اپنی کابینہ کی فہرست منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کرنے کے پابند ہیں۔