اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکلا کا احتجاج، توڑ پھوڑ، چیف جسٹس چیمبر میں محصور

lawyers Protest

lawyers Protest

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیمبرز گرائے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی توڑ پھوڑ کی اور چیف جسٹس کے چیمبر کےباہر شدید نعرے بازی کی۔

اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرانے کے خلاف وکلا نے شدید احتجاج کیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں نعرے لگاتے ہوئے چیف جسٹس کے بلاک میں ہوئے داخل ہوگئے جب کہ وکلا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے بلاک میں کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور ان کے چیمبرکے باہر نعرے بازی کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ چیف جسٹس بلاک میں جب وکلا آئے تو اس وقت اسپیشل سکیورٹی پولیس نہیں تھی اور اسلام آباد پولیس کے دستے کافی دیر بعد عدالت پہنچے جب کہ اس دوران چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ اپنے چیمبر میں محصور ہوگئے۔

اس موقع پر مشتعل وکلا نے صحافیوں سے بدتمیزی کی اور ویڈیو بنانے پر لڑپڑے جب کہ وکلا نے اسلام آباد کی ضلع کچہری میں تمام عدالتیں بند کرادیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی مقدمات کی کارروائی روک دی گئی۔

وکلا کے احتجاج کے سبب اسلام آباد ہائیکورٹ میں تمام سائلین کا داخلہ بھی بند کردیا گیا اور ہائیکورٹ کی سروس روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔