ایک اسلامی میگا بینک کا قیام عمل میں لایا جائے: ایردوان

 Recep Tayyip Erdogan

Recep Tayyip Erdogan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اسلامی مالیاتی اداروں کو رقوم کی ضروریات اور امت مسلمہ میں بڑھنے والی مالیاتی طلب کو پورا کرنے کے لیے ایک اسلامی بیگابینک قائم کرنا چاہیئے۔

صدر ایردوان نے ڈی ۔8 تنظیم کے دسویں اجلاس سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کیا۔

صدر ایردوان نے اجلاس کی چار سالہ صدارت کی ذمے داری بنگلہ دیش کو سونپتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے دنیا میں کورونا کا غلبہ ہے جس کے خلاف عالمی تعاون کی اہمیت اہم ہے،ترکی نے مقامی طور تیار کردہ ویکسین کے تجربات میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور امید ہے کہ اسے ہم انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال اور تقسیم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بطور ترکی، ڈی ۔8 ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں سہولت پیدا کرنے کی غرض سے ایک مربوط حکمت عملی پرمبنی دستاویز تمام رکن ممالک کو ارسال کر دیا گیا ہے اور میرا یہ ماننا ہے کہ اسلامی مالیاتی اداروں کو حصول رقوم میں آسانی اور امت مسلمہ میں مالیاتی ضروریات کی طلب میں اضافے کے پیش نظر ایک اسلامی میگا بینک کا قیام عمل میں لایا جائے جبکہ ہمیں غیر ملکی زر مبادلہ کے بجائے مقامی کرنسیوں میں تجارتی لین دین کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر نے مزید کہا کہ ظلم و فاقہ کشی کے خلاف نبرد آزما فلسطینی مہاجرین ، روہنگیا مسلمانوں،یمنی اور شامی پناہ گزینوں کی مدد کرنے میں بھی ہمیں ضروری اقدامات اٹھانے چاہیئے۔