اٹلی میں کرونا سے متاثرہ 78 سالہ مریض کی ہلاکت کا پہلا کیس

Italy Corona Patient

Italy Corona Patient

اٹلی (اصل میڈیا ڈیسک) اطالوی وزیر صحت روبرٹو سپیرنزا نے جمعہ کے روز بتایا ہے کہ چین میں پھیلنے والے کرونا وائرس کا شکار ایک 78 سالہ شخص اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔ خیال رہے کہ اٹلی میں کرونا سے متاثرہ کسی مریض کی ہلاکت کا پہلا کیس ہے۔ جب کہ چین میں ہلاکتوں کی تعداد2200 سے تجاوز کرگئی ہے۔

اطالوی وزیر صحت نے بتایا کہ یہ شخص تقریبا دس روز قبل ملک کے شمال میں وینیٹو کے علاقے میں واقع ایک اسپتال میں علاج کے لیے لایا گیا تھا۔ ابتدائی ٹیسٹوں میں اس میں کرونا وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہ کرونا کا شکار ہوچکا ہے۔

اطالوی نیوز ایجنسی ‘اے این ایس اے’ نے بتایا کہ شمالی شہر پڈوا میں ایک مریض کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد فوت ہوگیا۔ یہ اس وائرس کے نتیجے میں مرنے والا پہلا اطالوی شہری ہے۔

شمالی اٹلی میں لومباریا کے علاقے میں دس شہروں میں عوامی مقامات میں شہریوں کی آمد ورفت بند کر دی ہے۔ حکام نے کھیلوں کی سرگرمیوں اور مذہبی اجتماعات کا انعقاد بھی روک دیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب علاقے میں کرونا سے متاثرہ افراد کو اسپتالوں میں لایا گیا۔

حکام نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ لیبارٹری ٹیسٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لومبارڈیا میں پانچ ڈاکٹر اور نو افراد دیگر کرونا وائرس میں مبتلا ہیں جب کہ وینٹو میں اس وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔