جہانگیر ترین کے خلاف انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: گورنر پنجاب

Chaudhry Muhammad Sarwar

Chaudhry Muhammad Sarwar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے خلاف کسی انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دو نہیں ایک پاکستان کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔

جہانگیر ترین سے متعلق پوچھے گئے سوال پر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ جہانگیر خان ترین کے خلاف کسی انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، علیم خان اور سبطین خان بھی مقدمات کا سامنا کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عدالتیں آزاد ہیں اور انصاف فراہم کر رہی ہیں، ہر کوئی عدالت جا سکتا ہے، حکومت نے اراکین اسمبلی کے جہانگیر ترین کے ساتھ عدالت جانے سے روکنے کے لیے کوئی سختی نہیں کی۔

تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بننے سے متعلق سوال پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، جہانگیر ترین اور ساتھیوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی بات نہیں کی۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا پی ڈی ایم بھی کسی خوش فہمی کا شکار نہ ہو، عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے۔