جاپانیوں کی طویل عمر کا راز، گرم پانی سے لمبا غسل

Japanese Water Bath

Japanese Water Bath

ٹوکیو : محققین کا کہنا ہے کہ جاپان میں لوگوں کی لمبی اور صحت مند زندگی کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ 80 فیصد جاپانی دیر تک گرم پانی میں لیٹے رہتے ہیں۔

ٹوکیو سٹی یونیورسٹی کے پروفیسر اور میڈیکل ڈاکٹر شینیا ہایاساکا نے دو دہائیوں تک لمبے غسل اور چشموں سے نکلنے والے گرم پانی میں دیر تک نہانے کے طبی فوائد کا مطالعہ کیا ہے۔

ڈی ڈبلیو سے بات چیت میں پروفیسر ہایاساکا نے کہا، ”قریب 20 برس قبل ایک نرس نے جو معمر مریضوں کو گھروں پر غسل کرانے میں مدد فراہم کرتیں تھیں، مجھ سے مشورہ مانگا۔ اسے تشویش تھی کہ بہت سے افراد بلند فشار خون کے مریض تھے اور ایسے میں گرم پانی سے دیر تک نہانا ان کے لیے محفوظ بھی ہے یا نہیں۔‘‘

وہ مزید کہتے ہیں، ”اس وقت اس سوال کا جواب دینے کے لیے کوئی سائنسی تحقیق موجود نہیں تھی۔ میں نے سوچا کہ اس سوال کا جواب سائنسی بنیادوں پر شواہد کی روشنی میں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

ہایاساکا نے طویل عرصے قبل جرنل آف اپیڈیمولوجی میں پہلا تحقیقی مکالہ شائع کیا تھا، جس میں گرم پانی سے بہت دیر تک غسل کرنے والے معمر افراد کی احتیاط سے نگرانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا، تاہم جلد ہی انہوں نے اپنی تحقیق کو جاپان میں روزانہ گرم پانی کے ٹب میں لیٹنے تک پھیلا دیا۔

زلزلوں اور آتش فشانوں کے لیے مشہور جاپان میں گرم پانی کے 27 ہزار چشمے ہیں۔ ان گرم پانی کے قدرتی چشموں کی بہتات کی وجہ سے ماضی میں قریب ہر جاپانی شہری کی ان تک رسائی رہی۔ اسی بنا پر گرم پانی میں دیر تک لیٹنا اور لمبا غسل لینا ایک طرح سے جاپان میں قومی روایت ہے۔ اس سلسلے میں تاریخی طور پر مذہب نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ مقامی طور پر بہت سے مندر عام لوگوں کو نہانے کی جگہیں تک فراہم کرتیں ہیں۔ بہت سے بدھ رہنما لوگوں کو تواتر سے غسل لینے کی نصیحت بھی کرتے ہیں۔

1960 ء کی دہائی تک زیادہ تر جاپانی گھروں میں باتھ رومز موجود نہیں تھے اور ایسے میں لوگوں کو عوامی غسل خانوں کا رخ کرنا پڑتا تھا۔ اس بنا پر غسل ایک طرح سے ایک عوامی تقریب اور ثقافت میں تبدیل ہو گیا تھا۔ اب جب کہ ہر گھر میں غسل خانہ موجود ہے، لیکن عوامی غسل خانے اب بھی دکھائی دیتے ہیں۔

ہایاساکا کے مطابق گرم پانی سے زیادہ دیر تک غسل کے تین بنیادی فائدے ہیں، ایک حدت، پانی پر جسم میں تیرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور ہائیڈروسٹیٹک پریشر۔ اس کے علاوہ حفظان صحت اور صفائی کے صحت پر فائدے الگ ہیں۔ تاہم پروفیسر ہایاساکا کے مطابق حفظانِ صحت اور صفائی والے فائدے شاور کے نیچے کھڑے ہو کر غسل لینے سے حاصل تو کیے جا سکتے ہیں، تاہم اول الذکر فائدے صرف گرم پانی میں لیٹنے کے مرہونِ منت ہوتے ہیں۔