ایک کروڑ نوکریوں کا مطلب سرکاری نوکریاں نہیں تھا، فواد اپنے بیان پر قائم

Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سرکاری نوکریوں سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہیں۔

چند روز قبل اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ تھا کہ ہم اِس بات پر زور دے رہے ہیں کہ حکومت نوکریاں دے لیکن لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ حکومت کی طرف نوکریوں کیلئے دیکھنا شروع کردیں تو معیشت کا فریم ورک بیٹھ جائے گا جس پر مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

بعدازاں ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ کہہ دیا کہ سرکاری نوکریاں نہیں مل سکتیں تو میڈیا میں طوفان آگیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معیشت کی سرپرستی سرکاری سیکٹر نہیں بلکہ نجی شعبہ کرتا ہے، معیشت کی الف ب جاننے والوں کو معلوم ہے کہ ہمیں پرائیویٹ سیکٹر میں ہی کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔

جیو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اب بھی اپنے بیان پر قائم ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر کہا ہےکہ اگر ایک کروڑ نوکریوں کا کہا تھا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ سرکاری نوکریاں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی معیشت کا مستقل حل نہیں، بے دریغ سرکاری ملازمتیں دے کر اداروں کو دیوالیا کرنا پی پی اور ن لیگ کی حکومتوں کا وطیرہ تھا۔