جے یو آئی کارکنوں کا پانچویں روز بھی مختلف شہروں میں دھرنا، ٹریفک کی روانی متاثر

Azadi March

Azadi March

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلان بی کے تحت مسلسل پانچویں روز بھی ملک کے مختلف شہروں کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔

بنوں میں جے یو آئی ف کے پلان بی کے تحت لنک روڈ انڈس ہائی وے پر کارکنوں نے آج بھی دھرنا دے رکھا ہے۔

کارکنوں نے لنک روڈ پر انڈس ہائی وے سے مختلف شہروں کو جانے والے راستوں کو رکاوٹیں ڈال کر بند کر دیا ہے۔

مالاکنڈ میں بھی پل چوکی چکدرہ کے مقام پر جے یو آئی کے کارکنوں نے مین جی ٹی روڈ پر روکاٹیں کھڑی کرکے سڑک بلاک کر رکھی ہے۔

جیکب آباد میں سندھ بلوچستان بائی پاس زیرو پوائنٹ اور کندھ کوٹ میں سندھ بلوچستان اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ، بائی پاس پر بند ہے۔

سکھر، شکار پور،کندھ کوٹ، کشمور جانے والی گاڑیاں متبادل راستے سے گزاری جا رہی ہیں۔

لاہور میں بھی جے یو آئی ف کے کارکنوں نے امامیہ کالونی کے نزدیک جی ٹی روڈ کی ایک سائیڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی۔

روڈ کی ایک سائیڈ بلاک ہونے کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

جے یو آئی کی طرف سے 27 نومبر تک روزانہ دوپہر ایک سے رات 8 بجے تک دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔