کبڈی عالمی کپ: افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو پچھاڑ ڈالا

Kabaddi World Cup

Kabaddi World Cup

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) کبڈی کے عالمی کپ کا لاہور میں آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینیڈا کے پہلوانوں کی ایک نہ چلنے دی، چوبیس کے مقابلے میں چونسٹھ پوائنٹس سے پچھاڑ ڈالا۔

کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور کینیڈا کا جوڑ پڑا۔ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں پاکستانی کھلاڑی ابتدا سے ہی کینیڈین ٹیم پر حاوی رہے۔ کینیڈین ٹیم کو 40 پوائنٹس کے فرق سے شکست دے دی۔

شیر جوانوں نے قینچی، جندرہ ، اور کنڈا سمیت دیگر داؤ پیچ سے حریف ٹیم کو زچ کیے رکھا۔ پاکستان کے گبھرو جوانوں نے پھرتی سے کینیڈین ٹیم کے ہاف میں جا کر غچے دئیے اور پوائنٹس لے کر لوٹے۔

پاکستان نے کینیڈا کے 24 پوائنٹس کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سکور کر کے میچ اپنے نام کیا۔ پنجاب سٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد نے میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی۔

ادھر کبڈی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے درمیان بے پناہ قربت نظر آئی۔ چودھری پرویز الہیٰ کی تقریر میں وزیراعلیٰ ساتھ کھڑے رہے اور ساتھ کھڑے ہو کر قربت کا احساس دلایا جبکہ وزیراعلیٰ کی تقریر میں چودھری پرویز الہیٰ ساتھ کھڑے ہو کر باہمی محبت کا پیغام دیتے رہے۔

کبڈی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ اور پرویز الہیٰ قدم بہ قدم ساتھ رہے۔ کھلاڑیوں سے حلف خالصتاً وزیراعلیٰ کا استحقا ق تھا۔ عثمان بزدار اس پر بھی اکیلے نہیں گئے بلکہ چودھری پرویز الہیٰ کو ساتھ لے کر گئے۔