کنگنا نفرت کی فیکٹری، اسے مینٹل اسپتال میں داخل کروایا جائے: سکھ کمیونٹی

Kangana Ranaut

Kangana Ranaut

دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت کی سکھ کمیونٹی کی جانب سے اداکارہ کنگنا رناوت کو مینٹل اسپتال یا پھر جیل بھجوانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھوں کے حوالے سے متنازع بیان دینے پر بھارت کی سیاسی پارٹی شرومانی اکالی دل کے رہنما اور دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے صدر منجندر سنگھ سرسا نے کنگنا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کو یا تو مینٹل اسپتال میں داخل کروایا جائے یا جیل میں ڈال دیا جائے۔

منجندر سنگھ سرسا کا کنگنا رناوت کو نفرت کی فیکٹری قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اداکارہ کا بیان ان کی سستی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، اداکارہ کا یہ کہنا کہ خالصتانی دہشت گردوں کی وجہ سے فارم کے تینوں قوانین کو منسوخ کیا گیا، کسانوں کی بے عزتی کرنے جیسا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کنگنا کی جانب سے انسٹاگرام پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے، کنگنا کو ملنے والا حکومتی اعزاز پدما شری اور سکیورٹی بھی واپس لے لینی چاہیے۔

واضح رہے کہ کنگنا نے نے انسٹا گرام اسٹوری پر لکھا تھا کہ سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے خالصتان تحریک کے خلاف فیصلہ کن اقدام کیا، اندرا گاندھی نے خالصتانیوں کو مچھر کی طرح کچل دیا۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ اس کے لیے اندرا گاندھی کو اپنی جان کی صورت میں بھاری قیمت بھی ادا کرنا پڑی لیکن انہوں نے ملک کے ٹکڑے نہیں ہونے دیے۔

کنگنا رناوت کے اس بیان کو فتنہ انگیز قرار دیتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس کے یوتھ ونگ انڈین یوتھ کانگریس نے کنگنا کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے۔