کنگنا رناوت ٹوئٹر کے بعد انسٹاگرام سے بھی خفا

 Kangana Ranaut

Kangana Ranaut

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت ٹوئٹرکے بعد اب انسٹاگرام سے بھی خفا ہوگئیں۔

بالی ووڈ کی بے باک اداکارہ اور ہر معاملے میں اپنے خیالات کا اظہار کرکے تنقید کا نشانہ بننے والی کنگنا ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں۔ اس بار انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری پر کچھ ایسا شیئر کیا جس کے بعد ان کے مداح ان کا مذاق اڑارہے ہیں جب کہ کچھ پھر تنقید کررہے ہیں۔

اداکارہ نے انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ انسٹاگرام نے ان کی کووڈ سے متعلق پوسٹ ڈیلیٹ کردی جس میں انہوں نے کووڈ کوتباہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ ٹوئٹرپردہشتگردوں اورکمیونسٹ کے لیے ہمدردی رکھنے والوں کو تو ضرور دیکھا تھا لیکن یہاں تو کووڈ فین کلب ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں انسٹا گرام پرمحض 2 ہی دن ہوئے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ ایک ہفتہ بھی گزارنہیں سکیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹوئٹر نے کنگنا رناوت کا اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کردیا تھا ۔ ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے کنگنا کا اکاؤنٹ مغربی بنگال میں ممتا بینرجی کی جیت کے بعد کی گئی متنازع ٹوئٹ کے بعد بند کیا گیا۔