کراچی میں مسکن چورنگی پر دھماکا، 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

Karachi Blast

Karachi Blast

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بدھ کی صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب گلشن اقبال کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا اور عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں۔

پولیس نے بلڈنگ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے ہیں جن میں بینک کا عملہ بھی شامل ہے جب کہ بینک کا گارڈ بھی دھماکے میں جاں بحق ہوا ہے۔

نجی بینک کے ملازم نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پورا عملہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے، دھماکے کی آواز بہت شدید تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے بلڈنگ اوپر گر گئی ہے۔

جیونیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ان کی عمارت کے بھی شیشے بھی ٹوٹے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ عمارت میں رہائش پذیر افراد کو نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکا ابتدائی طور پر سلینڈر کا معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔