کراچی میں کورونا وائرس کیلیے مزید 2 لیبارٹریز قائم کرنے کا اعلان

Corona Virus Laboratory

Corona Virus Laboratory

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کراچی میں مزید دو لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے وزیراعظم کو سندھ میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور روک تھام کے انتظامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کراچی میں کورونا وائرس کے لیے مزید دو 2 لیبارٹریز قائم کرنے کی ہدایت کی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم خود کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، مزید ٹیسٹنگ لیبارٹریز سے کورونا وائرس کی بروقت تشخیص اور روک تھام میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے ٹیلیفونک بات چیت کے بعد چیئرمین این ڈی ایم اے سے رابطہ کیا تو انہوں نے ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے جلد قیام کی یقین دہانی کرائی ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ لیبارٹریز ایس آئی یو ٹی اور جے پی ایم سی میں قائم کی جائیں گی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں بھی 12 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 481 ہو گئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں افراد نمونیہ اورکورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق دونوں افراد کراچی کے رہائشی ہیں، دو نئی ہلاکتوں کے بعد سندھ میں کورونا کے باعث اب تک 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ اب تک سندھ میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔