کراچی میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر بھی پابندی

Double Ride Ban

Double Ride Ban

سندھ (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں سال نو کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت آج رات 12 بجے سے یکم جنوری کی صبح تک ڈبل سوار پر بھی پابندی ہو گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ آج رات 12 بجے سے یکم جنوری 2020 کی صبح تک ہوگا اور اس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔

سندھ حکومت کی جانب سے سال نو کی آمد کے موقع پر اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور آتش گیر مادہ کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بھی نیو ائیرنائٹ کے لیے سیکیورٹی پلان جاری کردیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ون ویلنگ، بغیر سائلنسر موٹرسائیکل چلانے اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ نیو ائیرنائٹ کے موقع پر منچلوں کو ہلڑبازی کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی اور دفعہ 144 پہلے سے نافذ ہے۔