کراچی؛ ایکسپو سینٹر میں ویکسی نیشن عملے کے احتجاج سے شہری پریشان

Karachi Expo Center

Karachi Expo Center

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسی نیشن سینٹر کے احتجاجی ملازمین نے 9 ماہ سے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر دوسرے روز بھی احتجاج کیا اور ویکسی نیشن سینٹر میں کام چھوڑ دیا جب کہ احتجاج کے باعث ویکسی نیشن کے لیے ایکسپو سینٹر آنے والے عوام کو مشکلات کا سامنا پڑا۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں ویکسی نیشن سینٹر میں ملازمین نے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر دوسرے روز بھی احتجاج کیا اور کام چھوڑ دیا۔ ویکسی نیشن کے لیے ایکسپو سینٹر آنے والے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ویکسی نیشن کا عمل متاثر ہونے کے باعث ویکسی نیشن سینٹر کے انچارج ڈاکٹر راج کمار خود انٹری کیلیے بیٹھ گئے جس پر احتجاجی ورکرز نے سسٹم کا پاس ورڈ دینے سے انکار کردیا جس کے بعد ڈاکٹر راج کمار نے ویکسی نیشن کے لیے آنے والے عوام کی مینوئل انٹری کی۔

اس موقع پر احتجاجی ویکسی نیٹرز اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز کا کہنا تھا کہ جب تک 9 ماہ کی تنخواہ نہیں ملتی کام نہیں کریں گے، ہم نے چھٹی بار ہڑتال کی ہے ہر بار انتظامیہ کے کہنے پر کام شروع کیا تاہم اس حوالے سے ڈی جی صحت کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دینا میرا اختیار نہیں ہے میں کوششوں میں مصروف ہوں ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، آئندہ ہفتے انھیں تنخواہیں فراہم کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم میگا ویکسی نیشن سینٹر میں تعینات 200 سے زائد ویکسی نیٹرز اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز گزشتہ 9 ماہ سے تنخواہوں نہ ملنے کے باعث احتجاج پر ہیں۔