کراچی: 65 سال سے زائد عمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے رجسٹریشن 10 مارچ سے ہو گی

Corona Vaccine

Corona Vaccine

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 10 مارچ سے ہو گا۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں مزید 16 ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جس کے بعد شہر میں ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ضلع جنوبی میں 4 ویکسینیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، ضلع جنوبی میں جناح اسپتال، خالق دینا ہال، ایس آئی یو ٹی اور لیاری جنرل اسپتال میں سینٹرز فعال ہیں۔

ضلع شرقی میں 5 ویکسینیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، ضلع شرقی میں ڈاؤ اوجھا اسپتال، آغا خان اسپتال میں ویکسینیشن سینٹرز قائم ہیں۔

ضلع وسطی میں 5 ویکسینیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، یہ سینٹرز سندھ گورنمنٹ ماڈرن اسپتال یونیورسٹی روڈ، لیاقت نیشنل اسپتال، سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال اور سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد میں قائم کیے گئے ہیں۔

ضلع ملیر میں بھی 3 ویکسینیشن سینٹر بنائے گئے ہیں، ملیر میں سی وی سی کڈنی سینٹر اسپتال، اربن ہیلتھ یونٹ تھڈو نالو، رورل ہیلتھ سینٹر مراد میمن گوٹھ میں بھی بنایا گیا ہے۔

ضلع غربی میں 6 سینٹرز بنائے گئے ہیں، سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال، اربن ہیلتھ سینٹر اورنگی نمبر 15، سندھ گورنمنٹ اسپتال منصور نگر، رورل ہیلتھ سینٹر بلدیہ بھی ویکسینیشن سینٹر فعال ہے، اس کے علاوہ رورل ہیلتھ سینٹر شیر شاہ اور رورل ہیلتھ سینٹر منگھو پیر پر کام جاری ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ گورنمنٹ نیو کراچی، اربن ہیلتھ سینٹر گوہر آباد اور اربن ہیلتھ سینٹر یوسی 5 نارتھ کراچی میں بھی انسداد کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔