fbpx

کراچی کے نجی کلب میں باکسنگ مقابلے میں پنچ لگنے سے باکسر جاں بحق

Boxer Muhammad Aslam Khan

Boxer Muhammad Aslam Khan

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے نجی کلب میں باکسنگ مقابلے میں پنچ لگنے سے باکسر جاں بحق ہوگیا۔

بلوچستان کے علاقے پشین سے تعلق رکھنے والے قومی سطح کے باکسر محمد اسلم خان گزشتہ رات کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر واقع پویلین کلب میں مقابلے کے دوران سر پر پنچ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اہل خانہ کے مطابق باکسر اسلم خان کو اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں اتوار کی دوپہر ڈھائی بجے ان کا انتقال ہوگیا۔

قریبی عزیز عبداللہ نے جیو ٹی وی کو بتایا کہ غسل کفن کے بعد اسلم کی میت بلوچستان میں آبائی شہر پشین روانہ کردی گئی ہے، اہل خانہ کے مطابق پشین کے معصوم بابا قبرستان میں پیر کی صبح 11 بجے نماز جنازہ اور تدفین ہوگی۔

قریبی عزیز اکرم خان کے مطابق اسلم خان فائٹ کے دوران پنچ لگنے سے زخمی ہوئے تھے، اس لیے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی، عبداللہ کے مطابق مرحوم باکسر اسلم خان نے بیوہ اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔