کراچی: پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اور ان کی اہلیہ قاتلانہ حملے میں زخمی

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) گلشن معمار افغان بستی کے قریب فائرنگ سے پی ٹی آئی لیبر ڈویژن کے صدر اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان تین موٹرسائیکلوں پر سوار تھے جن کی فائرنگ سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عیسیٰ خان اور ان کی اہلیہ زخمی ہوئیں، دونوں کو گلشن اقبال میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعےکی تحقیقات کی جارہی ہیں اور زخمیوں کا ابتدائی بیان لیا گیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ واردات میں بڑا اسلحہ استعمال کیا گیا تاہم زخمیوں کا حتمی بیان بعد میں لیا جائے گا۔

پولیس کا بتانا ہےکہ عیسیٰ خان کے ہاتھ اور ٹانگ میں گولی لگی جب کہ ان کی اہلیہ بختاور کے سر میں گولی لگی، فائرنگ کے وقت خاتون کیگود میں بچہ بھی تھا جو محفوظ رہا۔

دوسری جانب اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ فائرنگ سے عیسی خان کے بازو پر 2 گولیاں لگیں اور ان کی اہلیہ کے سرپر گولی لگی جس سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔

راجہ اظہر کے مطابق ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے کلاشنگوف سے 6 فائر کیے۔