کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، سڑکوں پر پانی جمع، بجلی کا نظام درہم برہم

Karachi Rain

Karachi Rain

کورنگی (جیوڈیسک) کراچی میں مون سون کی پہلی بارش سے ہی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور کے الیکٹرک کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

شہر میں گزشتہ دو گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ملیر، ماڈل کالونی، حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، پرانی سبزی منڈی، جیل چورنگی اور صدر میں بھی رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریاز، ڈیفنس، ناظم آباد، کورنگی، قیوم آباد اور لانڈھی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلسہ جاری ہے۔

شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ شارع فیصل پر بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے 400 سے زائد فیڈرز متاثر ہوئے جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

کے الیکٹرک کی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے اور جلد متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کر دی جائے گی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد میں بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔