کراچی میں فائرنگ، پی ٹی آئی کا سابق عہدیدار جاں بحق

Asif Haroon

Asif Haroon

عزیز آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ٹارگٹ کلنگ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں مدنی مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت آصف ہارون عرف چکلی کے نام سے ہوئی ہے جو عزیز آباد کے علاقے صدیق آباد کا رہائشی تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول تحریک انصاف ضلع وسطی کا رہنما رہ چکا ہے، ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں چند نکات سامنےآئے ہیں، مقتول ایک فعال بُکی تھا اور سیاسی طور پر بہت متحرک نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول عصر کی نماز اسی مسجد میں پڑھتا تھا، اطلاعات کے مطابق مقتول کے پاس خود بھی اسلحہ ہوتا تھا لیکن واردات کے وقت ان کے پاس اسلحہ نہیں تھا۔

ایس ایس پی کے مطابق مقتول آصف کے سر میں گولی ماری گئی، موقع سے 30 بور پستول کے 2 خول ملے ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کلیم امام نے عائشہ‌ منزل پر فائرنگ سے ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کی جگہ کے شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات پر تفتیش کو کامیاب بنایا جائے، ماہر تفتیشی ٹیم کیس کو جلد حل کرے اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے عزیز آباد میں ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کا امن دوبارہ خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے، آصف ہارون کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔