کراچی میں طوفانی بارش کا ایک اور اسپیل

 Karachi Rain

Karachi Rain

ملیر (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں جاری مون سون کے اسپیل نے شہر کو ایک بار پھر پانی پانی کردیا ہے، جمعرات کی صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ملیر، قائد آباد، نیشنل ہائی وے، شارع فیصل، لیاری، آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، قیوم آباد، کورنگی، نارتھ کراچی اور ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں صبح سے ہی تیز بارش شروع ہوگئی۔

موسلا دھار بارش سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ایک بار پھر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتی ہے اور سہہ پہر میں بارش تیز ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ بحیرہ عرب اور جنوبی سندھ پر تاحال موجود ہے اور بلوچستان سے بھی ایک دباؤ مغرب کی جانب سے داخل ہورہا ہے، دباؤ کے زیر اثر کراچی میں بادل برس رہے ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رات 11 بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ 10 محرم کو بھی کراچی میں معتدل بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں اگست میں ہونے والی ریکارڈ بارشوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس میں سرجانی ٹاؤن سمیت بعض علاقوں میں گھروں میں پانی بھرنے سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔