کراچی: 5 سال قبل لاپتہ ہونے والے سیاسی کارکن کی لاش نادرن بائی پاس سے برآمد

Karachi Body Recovered

Karachi Body Recovered

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے پانچ سال قبل لاپتہ ہونے والے سیاسی جماعت کے کارکن شاہد کی لاش ناردرن بائی پاس سے مل گئی۔

پولیس کے مطابق لیاقت آباد سے پانچ سال قبل لاپتہ شخص کی سرجانی نادرن بائی پاس سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، لاش کی شناخت شاہد سمیع کے نام سے ہوئی جو کہ 2016 میں لیاقت آباد کے علاقے سے لاپتہ ہو گیا تھا۔

عباسی شہید اسپتال میں شاہد سمیع کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کے شوہر موبائل ریپئرنگ کا کام کرتے تھے، 2016 میں ان کے موبائل نمبر پر فون آیا جس پر وہ گھر سے باہر گئے، اس کے بعد ان کا پتہ نہیں چلا۔

شاہد کی اہلیہ نے بتایا کہ شوہر کی گمشدگی کا پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو آگاہ بھی کیا جبکہ گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی۔

13 اپریل 2019ء کو سپر مارکیٹ تھانے میں عالیہ کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 78/2019 بجرم دفعہ 365/34 کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں بھی اس کی گمشدگی کی تاریخ 9 دسمبر 2016 درج ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہد سمیع کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا۔