کشمیری حریت کمانڈر برہان وانی شہید کی آج چوتھی برسی منائی جا رہی ہے

Burhan Muzaffar Wani

Burhan Muzaffar Wani

کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) ہر کشمیریوں کی طرح مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا خواب دیکھنے والا برہان مظفر وانی شہادت کے بعد آزادی کی تحریک کو نیا رُخ دے گیا۔

قابض بھارتی فوج نے 22 سالہ کشمیری رہنما برہان وانی اور ساتھیوں کو ضلع اننت ناگ اسلام آباد میں 8 جولائی 2016 کو شہید کر دیا تھا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی مزاحمتی تاریخ میں سب سے طویل مظاہروں کا آغاز ہوا۔

اپنی زندگی میں بھارت کے لیے خوف کی علامت بنے رہنے والا نوجوان برہان وانی شہادت کے بعد کشمیریوں کے لیے ہیرو بن کر ابھرا۔

برہان وانی کے جنازے میں شریک لاکھوں کشمیریوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کو بتا دیا کہ آزادی کی تحریک کو یوں کچلا نہیں جاسکتا۔

8 جولائی 2016 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی فضاؤں میں آزادی کے نعروں کی گونج پہلے سے زیادہ تیز ہوگئی اور جذبہ شہادت سے سرشار کشمیری قابض بھارتی فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے اور کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرنے لگے۔

مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں آج ہڑتال کی جا رہی ہے۔