’خاموشی ہے پھر شور آئے گا، ہمارا دور آئے گا‘ یوم کشمیر پر مشال ملک کا پیغام

 Mashal Malik

Mashal Malik

کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے ویڈیو پیغام میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی قابض فوجیوں کے مظالم پر کہا کہ کچھ دیر کی خاموشی ہے پھر شور آئے گا، تمہارا تو وقت ہے ہمارا دور آئے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مشال ملک نے ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر گلی ہر کوچے میں کشمیر کی آزادی کے نعرے گونج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر مرتبہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ ہوتی ہے مگر اس مرتبہ 5 فروری کی جو نوعیت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی، آپ سب لوگ اسی طرح ہماری آواز بنیں۔

مشال ملک نے کہا کہ 5 اگست کو ہندوستان نے خوفناک فیصلہ کیا تھا، پوری دنیا میں بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پوری دنیا سے مقبوضہ کشمیر کا رابطہ ختم کر دیا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آواز دبائی جا رہی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانا ہے۔

یوم کشمیر کے موقع پر قابض بھارتی فوج اور بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں اور ساتھ ہی قابض بھارتی فورسز کے جبر کے خلاف سینہ سپر کشمیری ماؤں، بہنوں اور بھائیوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔