کشمیریوں پر بھارتی ظلم عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر دھبہ ہے، وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر دھبہ ہے۔

وزیراعظم نے بھارتی فوج کی قید میں انتقال کرنے والے کشمیری حریت لیڈر اشرف صحرائی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر دھبہ ہیں، ہم سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی محمد اشرف صحرائی کی وفات پر گہرےدکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں، بھارت حریت قیادت کو قید میں رکھ کر آزادی کے جذبے کو دبا نہیں سکتا، بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے خلاف ان کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے جدوجہدِ آزادی کشمیر کیلئے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت قید حریت قیادت اور بے گناہ کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے، اقوام ِ متحدہ اور بین الاقوامی قیادت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، بین الاقوامی برادری کشمیر کے متعلق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرے۔