مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے 4 ماہ کے کریک ڈاؤن پر رپورٹ جاری

Indian Army in Kashmir

Indian Army in Kashmir

کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے 4 ماہ کے کریک ڈاؤن پر رپورٹ جاری کر دی ہے۔

کے ایم ایس کے مطابق مقبوضہ وادی میں 4 ماہ کے کرفیو کے دوران 38 افراد شہید ہوئے جن میں 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں تحریر اعداد و شمار کے مطابق پُرامن مظاہرین پر فائرنگ، پیلٹس اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 853 افراد شدید زخمی ہوئے۔

کے ایم ایس کے مطابق کرفیو کے دوران حریت رہنماؤں سمیت 11 ہزار چار سو ایک نوجوانوں کو گرفتار یا نظر بند کیا گیا۔

مقبوضہ وادی کی میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے گھروں میں گھس کر 39 کشمیری خواتین کی آبروریزی بھی کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 اگست سے کشمیریوں کو بڑی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے نہیں دی گئی۔

کے ایم سی کے مطابق وادی چنار میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باعث کاروباری، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق وادی میں انٹرنیٹ کی بندش کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

4 ماہ کے کریک ڈاؤن پر جاری کی گئی رپورٹ میں تحریر کیا گیا ہے کہ شدید سردی بھی وادی کے باسیوں کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے۔