خیبرپختونخوا كے مختلف علاقوں میں بارشوں سے 4 افراد جاں بحق اور 1 زخمی

Rains

Rains

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا كے مختلف علاقوں میں بارشوں سے 4 افراد جاں بحق اور 1 زخمی جب کہ تین گھروں كو نقصان پہنچا ہے۔ طوفانی بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان ایبٹ آباد میں ہوا جہاں شہر تالاب كا منظر پیش كرنے لگا۔

خیبرپختونخوا كے مختلف علاقوں میں مون سون كی بارشوں كا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں 4 افراد جاں بحق اور 1 زخمی ہوگیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ كے مطابق کے پی كے علاقوں بٹگرام، لوئر دیر، مانسہرہ، سوات اور تیمرگرہ كے علاقے متاثر ہوئے لیكن ایبٹ آباد شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں بارش کا پانی سڑكوں کے علاوہ گھروں، دكانوں اور دفاتر میں بھی گھس گیا۔

رپورٹ كے مطابق بلال ٹاون، توحید كالونی، شاہ زمان كالونی، جھنگی، كاغان ویلی، سیٹھی مسجد، ایوب میڈیكل كمپلیكس اور حسن ٹاون کے علاقے بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ بارش سے لوئر دیر میں گھر كی چھت گرنے سے دو بچے اور مانسہرہ میں دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ ایبٹ آباد میں 8 گاڑیوں كو سیلابی ریلے سے نكالا گیا۔
ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں كنٹرول روم قائم كردیا گیا ہے، بارش سے ایبٹ آباد شہر میں بجلی كی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے، جس کی بحالی کے لیے سے پیسكو کاعملہ كام كر رہا ہے۔