خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی

Security

Security

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔

حکم نامہ کے مطابق قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ، ن لیگ کے امیر مقام اور ڈاکٹر افتخار سے سیکیورٹی واپس لی گئی ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی سے ایلیٹ فورس کے 8 اہلکار واپس لے لیے گئے۔

اس کے علاوہ ایمل ولی خان اور میاں افتخار حسین سے بھی ان کی حفاظت پر مامور ایلیٹ فورس کے تمام اہلکار واپس بلالیے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی انور تاج اور سینیٹر ایوب آفریدی سے بھی سیکورٹی واپس لی گئی ہے جبکہ ایم پی اےفلک ناز اور اے این پی رکن صلاح الدین سے بھی اہلکار واپس بلا لیے ہیں۔

سابق ڈی جی نیب خیبرپختونخوا ناصر فاروق اعوان سے بھی7 ایلیٹ اہلکار واپس لے لیے ہیں۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کا کہنا تھاکہ سیکیورٹی کا کوئی شوق نہیں، خطرات کے پیش نظر ریاست نے ہی سیکیورٹی فراہم کی تھی، اس قسم کے اقدامات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی واپس کرنے کے بعد نقصان پہنچنے پر ذمے داری حکومت پر عائد ہوگی۔