شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بیرون ملک پھنسے سعودی شہریوں کو واپس لانے کا حکم

Shah Salman bin Abdul Aziz

Shah Salman bin Abdul Aziz

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیر خارجہ کو کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد بیرون ملک پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شاہ سلمان نے اس ضمن میں اتوار کو ایک فرمان جاری کیا ہے۔اس کے تحت بیرون ملک سے سعودی شہریوں کو واپس لانے کا حکم دیا ہے۔اس فرمان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی کو ترجیح دی جائے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں ایک ہاٹ لائن نمبر دیا ہے۔اس پر بیرون ملک پھنسے ہوئے سعودی شہری رابطہ کرکے واپسی کے میکانزم کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مارچ کے اوائل میں انتالیس ممالک کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی تھیں۔ان میں یورپی یونین کے رکن ممالک ، سوئٹزر لینڈ ،بھارت ، پاکستان ، سری لنکا، فلپائن ، سوڈان ، ایتھوپیا،جنوبی سوڈان ، اریٹریا ، کینیا ، جیبوتی اور صومالیہ شامل ہیں۔

سعودی عرب نے اس کے بعد نو مارچ کو عُمان ، فرانس ، جرمنی ، ترکی ، اسپین ، متحدہ عرب امارات ، کویت ، بحرین ، لبنان ، شام ، عراق ،مصر ، اٹلی اور جنوبی کوریا کے لیے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی تھیں۔