کویت میں پارلیمانی انتخابات 5 دسمبر کو منعقد ہوں گے: کابینہ کا اعلان

 Kuwait Parliament

Kuwait Parliament

کویت (اصل میڈیا ڈیسک) خلیجی ریاست کویت کی کابینہ نے رواں سال پانچ دسمبر کو پارلیمنٹ (مجلس امہ) کے انتخابات کی منظوری دے دی ہے۔

کویتی حکومت کے ترجمان طارق المزرکے مطابق کابینہ نے پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹروں کی طرف سے دی گئی درخواست منظور کرلی ہے۔

‘ٹویٹر’ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے پانچ دسمبر کو ملک میں پارلیمانی انتخابات کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس فیصلے کی حتمی منظوری امیر کویت دیں گے۔ امیر کویت کی طرف سے منظوری کے بعد اس پرعمل درآمد کیا جائے گا۔

کویت میں 29 ستمبر کو الشیخ نواف الاحمد الصباح کو کویت کا نیا امیر مقرر کیا گیا تھا۔ اگلے روز انہوں‌ نے عہدے کا حلف اٹھایا۔

سابق امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی 29 ستمبر کو وفات کے بعد شاہی روایت اور دستور کے مطابق انتقال اقتدار کا عمل مکمل کیا گیا اور ولی عہد الشیخ‌ نواف الاحمد الصباح کو ملک کا نیا امیر مقرر کیا گیا۔

الشیخ نواف الاحمد الصباح 25 جون 1937 کو کویت شہر میں پیدا ہوئے۔ آپ کویت کے دسویں حکمران الشيخ أحمد الجابر المبارك الصباح کے چھٹے صاحبزادے ہیں۔ الشيخ أحمد الجابر المبارك الصباح 1921 سے 1950 کی مدت کے دوران کویت کے فرمانروا رہے۔