لاہور لٹن روڈ دھماکے کے مرکزی کردار رکشا ڈرائیور کے اہم انکشافات

Lahore Blast

Lahore Blast

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لٹن روڈ دھماکے کے مرکزی کردار رکشا ڈرائیور نے اہم انکشافات کیے ہیں۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے لاہور لٹن روڈ پر ہونے والے دھماکے کے مرکزی کردار رکشا ڈرائیور کے بیان پر تفتیش آگے بڑھا رہے ہیں اور ابتدائی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع انٹیلی جنس نے بتایا ہے کہ رکشا ڈرائیور کے بیان کے مطابق ایک مشکوک شخص شیراکوٹ سے چوبرجی جانے کا بول کر رکشا میں سوار ہوا، مشکوک شخص کی عمر 24 سال تھی جو کہ شلوار قمیص میں ملبوس تھا اور سوار ہوتے وقت اس کے پاس ایک شاپنگ بیگ موجود تھا۔

ڈرائیور نے بتایا ہے کہ مشکوک سوار کو رکشا ڈرائیور گلشن راوی کے راستے لے کر سمن آباد تک آیا تاہم وہ شخص مبینہ منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی اتر گیا اور دھماکا ہوگیا، دہشت گرد کے ہدف کا حتمی تعین تاحال نہیں ہوسکا، رکشا ڈرائیور کے بیان کے بعد شیرا کوٹ سے سمن آباد تک سی سی ٹی وی کے کیمروں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد میں بال بیئرنگ زیادہ ہونے کے باعث 10 افراد زخمی ہوئے، دھماکے میں استعمال ہونے والا بارود اور طریقہ کار پہلے ہونے والے دھماکوں سے مماثلت رکھتا ہے تاہم رکشا ڈرائیور اور دیگر تین افراد سے نامعلوم مقام پر تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے چوبرجی کے قریب رکشا میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے جب کہ دھماکے سے رکشا مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔