لاہور میں کورونا سے متاثرہ علاقوں کو سیل کر کے دفعہ 144 نافذ

Lahore Sealed Areas

Lahore Sealed Areas

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں کورونا سے متاثرہ علاقوں کو سیل کر کے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے کورونا سے متاثرہ علاقوں کو 30 جون تک سیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں شاپنگ مالز، مارکیٹیں، پبلک پرائیوٹ دفاتر بند رہیں گے اور عوام کی آمدورفت سمیت پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت نہیں ہو گی لیکن صرف ایک شخص ذاتی سواری ضرورت کے تحت استعمال کر سکےگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پھل، سبزی، دودھ،کریانہ، پیٹرول پمپ، تندور صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ میڈیکل اسٹورز، لیبارٹری پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔

علاوہ ازیں سیل علاقوں سے بیمار کے ساتھ 2 افراد کو اسپتال جانےکی اجازت ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں مقیم جج، وکیل، ڈاکٹرز، ہیلتھ ورکرز، پولیس اہلکارپابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ بینکس ضروری اسٹاف کے ساتھ کام جاری رکھ سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ سیل کیے گئے علاقوں میں سماجی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔

خیال رہے کہ سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس سے اب تک 400 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 28177 ہے۔

صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 58239 ہے اور ہلاکتیں 1149 ہیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے جی نائن سیکٹر کے علاقے جی نائن ٹو اور تھری مزید تین روز کے لیے بند کردیے گئے ہیں ساتھ ہی آئی ایٹ اور آئی ٹین کے بھی دو دو سیکٹرز کو بدھ کی رات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کو 15دن کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔