لاہور: آن لائن امتحانات کا مطالبہ کرنیوالے 5 لاپتا طلبہ کا پتا چل گیا

Protest

Protest

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور میں آن لائن امتحانات کا مطالبہ کرنے والے 5 لاپتا طلبہ کا سراغ مل گیا۔

یہ طلبہ تھانہ ٹاؤن شپ میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور پولیس کا کہنا ہےکہ ان طلبہ کو ایک مقدمے میں ضمانت پر چھوڑ کر دوسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔

نجی نیورسٹی کے 5 طلبہ زبیر صدیقی، ثناءاللہ، علی اشرف، سلمان سکندر اور حارث اسد کے بارے میں ان کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ وہ جمعرات سے لاپتا تھے، یہ طالب علم رہنما 26 جنوری کو تھانہ نواب ٹاؤن کے مقدمے میں نامزد تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طلبہ کو گرفتار کیا تو وہ عبوری ضمانت پرتھے اس لیے انہیں چھوڑ دیا گیا لیکن 28 جنوری کو ان طالب علموں کے خلاف دوسرا مقدمہ تھانہ ٹاؤن شپ میں درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق پہلے مقدمے میں یونیورسٹی انتظامیہ مدعی تھی اور دوسرے میں پولیس خود مدعی بن گئی جب کہ مقدمے میں ہنگامہ آرائی، جان سے مارنے کی دھمکیاں،کار سرکار میں مداخلت،توڑ پھوڑ اور نقص امن کی دفعات شامل ہیں، پانچوں طلبہ تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔

پولیس کے مطابق مجموعی طورپر 42 طلبہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل ہیں جنہیں پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔